ریونیو کے نظام کو مکمل ڈیجیٹلائز کروایا جائیگا: تاج محمد خان ترند
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاؤن خصوصی برائے ریونیو تاج محمد خان ترند نے بدھ کے روز ضلع اپر دیر، لوئر دیر اور تحصیل کالام میں لینڈ سیٹلمیٹ کیلئے شروع کیے گئے پروجیکٹ کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ذاکر حسین آفریدی، پروجیکٹ ڈائریکٹر خالد زمان، ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ اعجاز الرحمن اور محکمہ ریونیو کے دیگر اعلیٰ آفسران بھی موجود تھے۔پروجیکٹ ڈائریکٹر خالد زمان نے معاؤن خصوصی برائے مال کو متعلقہ پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی اور ان کو ضلع دیر اپر، لوئر اور تحصیل کالام کے زمینی ریکارڈ کی آباد کاری سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی برائے ریونیو تاج محمد خان ترند نے کہا کہ زمینوں کی تقسیم اور آباد کاری میں تمام خاندانوں کا جامع اور صحیح ڈیٹا کا اندراج کروایا جائے تاکہ دستکارانہ نظام میں پائی جانے والی غلطیوں کو درست کروایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آبادکاری میں جنگلاتی زمین، شہری، دیہاتی، میدانی، پہاڑی، خالی اور آبادی والی زمینوں کا الگ الگ ریکارڈ رکھا جائے۔تاج محمد خان ترند نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ملازمین کو سروے آف پاکستان سے ٹریننگ دلوائی جائے تاکہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق زمینوں کی آبادکاری کروائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کو درپیش تمام مسائل خواہ وہ مالی ہوں یا آپریشنل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جائے گا۔ تاکہ اس پراجیکٹ کو عوامی مفادات کے پیش نظر اپنے مقررہ وقت میں مکمل کروایا جا سکے اور لوگوں کو اس کے براہ راست فوائد مل سکیں۔