احتساب عدالت کا ایل این جی ریفرنس خارج کرنے کیلئے نیب سے جواب طلب
اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر جواب کیلئے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی اور دیگر عدالت پیش ہوئے،وکلاء صفائی نے کہاکہ نیب ترامیم کے بعد چیزیں واضح ہو چکی ہیں، عدالت نے استفسار کیاکہ کیا نئے نیب قانون کے تحت کسی ملزم نے عدالت کو درخواست دی؟ جس پر بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے کہاکہ جی ہم درخواست دینے کو تیار ہیں، نیب قانون کے مطابق کابینہ، ای سی سی سمیت دیگر کمیٹیوں سے منظور شدہ منصوبے نیب کے دائرہ کار سے باہر ہیں،عدالت سے درخواست ہے کہ یہ ریفرنس قابل سماعت نہیں،دوران سماعت شریک ملزم چوہدری محمد اسلم کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ2022ء کے تحت ریفرنس ختم کرنے کی درخواست دائر کردی گئی اور استدعا کی گئی کہ ریفرنس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں،عدالت نیب قانون کے مطابق ریفرنس خارج کرے،ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں، اس موقع پرنیب پراسیکیوٹرنے ایل این جی ریفرنس ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ایل این جی کا ٹھیکہ دینے کی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی،ملزمان نے ایل این جی سے مالی فائدے بھی لیے،ایل این جی ریفرنس میں منی لانڈرنگ کی دفعات بھی شامل ہیں،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 4 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر وکلاء درخواست پر دلائل دیں گے۔
ایل این جی