3 شادیاں ، کروڑوں کا بنگلہ، ہزاروں گاڑیاں چرانے والے بھارتی چور کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

3 شادیاں ، کروڑوں کا بنگلہ، ہزاروں گاڑیاں چرانے والے بھارتی چور کی مزید ...
3 شادیاں ، کروڑوں کا بنگلہ، ہزاروں گاڑیاں چرانے والے بھارتی چور کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کارچورکو گرفتار کر لیا گیا جس کی وارداتوں کی تفصیل جان کر دنیا دنگ رہ گئی۔ "انڈین ایکسپریس" کے مطابق انیل چوہان نامی اس شخص کا تعلق بھارت کے شمال مشرقی علاقے سے ہے اور وہ اب تک 5ہزار سے زائد گاڑیاں چوری کر چکا تھا۔ وہ شمال مشرقی ریاستوں سے ہوائی جہاز کے ذریعے دارالحکومت نئی دہلی آتا اور وہاں سے گاڑی چوری کرکے براستہ سڑک واپس چلا جاتا۔

سکم، آسام اور دیگر ریاستوں میں 52سالہ ملزم انیل کے 25سے 30ساتھی تھے جو اس کی چوری کرکے لیجائی گئی گاڑیوں کو ان بھارتی ریاستوں کے علاوہ نیپال لیجا کر فروخت کرتے تھے۔ ملزم نے ایک بااثر آدمی کا روپ دھار رکھا تھا۔ وہ مہنگی گاڑیوں میں کبھی کاروباری شخص بن کر اور کبھی حکومتی عہدیدار بن کر گھومتا رہتا تاکہ پولیس اسے گرفتار نہ کرے۔ اس کے ریاست آسام کی حکومت کے ساتھ بھی کافی تعلقات تھے اور وہ حکومت کے ساتھ ایک کنٹریکٹر کے طور پر بھی کام کر رہا تھا۔ 

23اگست کو نئی دہلی پولیس کو اطلاع ملی کہ انیل چوہان ایک بار پھر نئی دہلی پہنچ گیا ہے اور مزید گاڑیاں چوری کرنے والا ہے۔ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مارا جہاں سے انیل چوہان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے ساتھ اس کے کئی ساتھی بھی نئی دہلی آئے ہوئے تھے۔ ان میں سے بھی 5 ملزمان کو بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم انیل سے1 موٹرسائیکل اور1 پستول برآمد ہوا جبکہ اس کے پانچوں ساتھیوں کے قبضے سے بھی ایک ایک پستول برآمد ہوا۔ذرائع کے مطابق ملزم انیل ایک پرتعیش زندگی گزار رہا تھا۔ اس کے پاس 10کروڑ روپے مالیت کا بنگلہ تھا اور اس نے 3 شادیاں کر رکھی تھی۔

مزید :

بین الاقوامی -