سستا راشن لینے کے لیے مرسڈیز گاڑی میں شہری پہنچ گیا

چندی گڑھ(مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی پنجاب میں مرسڈیز گاڑی پر سستا راشن لینے کے لیے آنے والے شخص کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ ویڈیو مشرقی پنجاب کے شہر ہوشیارپور سے سامنے آئی ہے جہاں ایک شخص نیلے رنگ کی مرسڈیز گاڑی میں آتا ہے اور سبسڈائزڈ چاول، آٹا، دالیں اور دیگر اشیاءخرید کر اپنی گاڑی کی ڈگی میں رکھتا ہے اور روانہ ہو جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ سبسڈائزڈ راشن ان شہریوں کے لیے مخصوص دکانوں پر مہیا کیا گیا ہے جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور مہنگائی کے اس دور میں بچوں کا پیٹ پالنے کی سکت بھی نہیں رکھتے۔ مشرقی پنجاب میں یہ سبسڈائزڈ اشیاء2روپے فی کلوگرام تک کی انتہائی کم قیمت میں غریبوں کے لیے دستیاب ہیں، بلکہ ان راشن ڈپوز پر آٹا مفت میں دیا جا رہا ہے۔
حکومتی ڈپو سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی کے مالک کے راشن خریدنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس شخص کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔