بیٹے کے پھول توڑنے پر ہمسایوں نے باپ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں بیٹے کے پھول توڑنے پر ہمسایوں نے باپ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ واقعہ ضلع لاڑکانہ کے شہر ڈوکری میں پیش آیا جہاں بچے نے ہمسایوں کے باغ سے پھول توڑ لیے، جس کا علم ہونے پر ہمسایوں نے اپنی برادری کو جمع کیا اور بچے کے باپ کے پاس چلے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ان لوگوں نے بچے کے باپ کے ہاتھ پاﺅں رسیوں سے باندھ دیئے اور گھسیٹتے ہوئے سڑک پر لا کر اسے بے رحمانہ طریقے سے پیٹتے رہے حتیٰ کہ وہ بے ہوش ہو گیا۔ پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔