بھارتی شہری کا بریانی کا آن لائن آرڈرلیکن ایسی چیز موصول کہ دیکھتے ہی سارا مزہ کرکرا ہوگیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک شخص نے فوڈ ڈلیوری سروس ’زوماٹو‘ کے ذریعے ڈیڑھ ہزار کلومیٹر دور سے بریانی آرڈر کی اور جب ڈلیوری گھر پہنچی تو اندر سے ایسی چیز نکل آئی کہ بیچارے کے ارمانوں پر پانی پھر گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق بھارت کی فوڈ ڈلیوری کمپنی زوماٹو کی طرف سے ’انٹرسٹی سروس‘ متعارف کرائی گئی ہے۔ اس سروس کے ذریعے بھارتی شہر گروگرام کے رہائشی ایک شخص نے 1ہزار 536کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے بریانی آرڈر کی مگر جب اس کا آرڈر گھر پہنچا تو اس میں بریانی کی بجائے ’سالن‘ موجود تھا۔
یہ آرڈر پولیٹیکل اینڈ پالیسی ایڈوائزر اور سی پی ایل فیلوز کے بانی پراتیک کنول نے کیا تھا۔ اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ” میں نے زوماٹو کے ذریعے حیدرآباد کے ہوٹل شاداب سے بریانی آرڈر کی تھی لیکن مجھے یہ سالن کا ایک باکس ملا ہے۔ “ اپنی ٹویٹ میں ڈلیوری بوائے دپندر گوئل کو ٹیگ کرتے ہوئے پراتیک لکھتے ہیں کہ ”میرا ڈنر کا پلان تو ہوا میں ہی رہ گیا۔ اب آپ پر ایک بریانی قرض ہے جو آپ کو گڑگاﺅں میں مجھ تک پہنچانی ہے۔“