"آپ کے بیان سے لگتا ہے کہ حکومت میں آپ کو کوئی منہ ہی نہیں لگاتا" الیکشن ملتوی ہونے کے معاملے پر فواد چوہدری کا بلاول کو جواب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا الیکشن کمیشن کی طرف سے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردِ عمل آگیا۔
وزیر خارجہ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا "آخری خبروں تک آپ اس حکومت کے وزیر خارجہ ہیں اور آپ کی حکومت نے الیکشن کمیشن سے انتخابات ملتوی کرنے کی فرمائش کی جو پوری کی گئی، اب آپ کا یہ بیان یا تو فراڈ ہے اور یا پھر یہ کہ اس حکومت میں آپ کو کوئی منہ ہی نہیں لگاتا؟"
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیلابی صورت حال کے باعث قومی اسمبلی کے 10 اور پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اپنے ردِ عمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ان کے ملتان اور کراچی کے امیدوار اچانک الیکشن ملتوی ہونے کی وجہ سے اضطراب کا شکار ہیں۔وہ اپنے ان حلقوں کی خدمت شروع کرنے کے لیے بے تاب ہیں جنہیں طویل عرصے سے نمائندگی کے بغیر چھوڑ دیا گیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو آخری وقت میں انتخابات سے بھاگنے کا موقع فراہم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔