والدہ کی موت کے بعد چارلس بادشاہ بن گئے، لیکن باضابطہ طور پر انہیں بادشاہ کیسے قرار دیا جائے گا؟ تاج پوشی کب ہوگی؟

والدہ کی موت کے بعد چارلس بادشاہ بن گئے، لیکن باضابطہ طور پر انہیں بادشاہ ...
والدہ کی موت کے بعد چارلس بادشاہ بن گئے، لیکن باضابطہ طور پر انہیں بادشاہ کیسے قرار دیا جائے گا؟ تاج پوشی کب ہوگی؟
سورس: Instagram

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپنی والدہ کی موت کے بعد پہلے 24 گھنٹوں میں چارلس کو سرکاری طور پر بادشاہ قرار دے دیا جائے گا۔ یہ لندن میں سینٹ جیمز پیلس میں ایک رسمی ادارے کے سامنے ہوتا ہے جسے الحاق کونسل کہا جاتا ہے۔یہ پریوی کونسل کے اراکین پر مشتمل ہے  جس میں  سابق اور موجودہ سینئر اراکین پارلیمنٹ کا ایک گروپ، کچھ سینئر سرکاری ملازمین، کامن ویلتھ ہائی کمشنرز، اور لندن کے لارڈ میئر شامل ہیں۔

بی بی سی کے مطابق سرکاری طور پر کونسل کی طرف سے چارلس کو بادشاہ قرار دیے جانے کے بعد الحاق کونسل کی دوبارہ میٹنگ ہوگی، ممکنہ طور پر یہ میٹنگ ایک دن بعد ہوگی  جس میں بادشاہ چارلس بھی پریوی کونسل کے ساتھ شریک ہوں گے۔

برطانوی بادشاہ کے دورِ حکومت کے آغاز میں کچھ دوسرے سربراہانِ مملکت کی طرز پر کوئی 'حلف برداری' نہیں ہوتی۔ لیکن 18 ویں صدی کی روایت کے مطابق  بادشاہ ایک اعلان کرے گا جس میں وہ چرچ آف سکاٹ لینڈ کے تحفظ کا حلف اٹھائے گا۔

اس کے بعد باضابطہ طور پر چارلس کو بادشاہ قرار دینے کا عوامی اعلان کیا جائے گا، یہ اعلان سینٹ جیمز پیلس  فریئری کورٹ کی ایک بالکونی سے "گارٹر کنگ آف آرمز" کہلانے والے سرکاری آفیشل کی طرف سے کیا جائے گا۔

بادشاہ کیلئے قومی ترانے میں سنہ 1952 کے بعد پہلی بار ترمیم کی جائے گی اور ان کیلئے "گاڈ سیو دی کنگ" کے الفاظ شامل کیے جائیں گے، اس سے پہلے "گاڈ سیو دی کوئین" کے الفاظ ترانے میں شامل تھے ۔ اس کے بعد ہائیڈ پارک ، ٹاور آف لندن اور برطانوی بحریہ کے جہازوں سے نئے بادشاہ کو گن سلیوٹ پیش کیا جائے گا ، اس کے علاوہ ایڈنبرا ، کارڈیف اور بیلفاسٹ میں چارلس کے بادشاہ بننے کا اعلان کیا جائے گا۔

شہزادہ چارلس کے بادشاہ چارلس بننے کا اہم ترین مرحلہ تاج پوشی کا ہوگا، اس کیلئے درکار تیاریوں کی وجہ تاج پوشی کی تقریب اتنی جلدی ممکن نہیں ہوپائے گی ، اس کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ الزبتھ دوئم فروری 1952 میں ملکہ برطانیہ بنی تھیں لیکن ان کی تاج پوشی جون 1953 میں ہوئی تھی۔

گزشتہ 900 سالوں سے ویسٹ منسٹر ایبے میں تاج پوشی کی تقریب ہوتی آ رہی ہے، سب سے پہلے بادشاہ ولیم فاتح  تھے جن کی یہاں تاج پوشی کی گئی، ان کے بعد چارلس 40 ویں تخت نشین ہوں گے جن کی یہاں تاج پوشی کی جائے گی۔