ننھے مہمان کی آمد متوقع، دیپیکا پڈوکون اسپتال پہنچ گئیں
ممبئی(آئی این پی) بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے، دونوں میاں بیوی اسپتال پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں رواں ماہ پہلے بچے کی آمد متوقع ہے اور اسی وجہ سے اداکارہ اپنی والدہ اور شوہر کے ہمراہ ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال پہنچی ہیں۔میڈیا رپورٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دیپیکا پڈوکون معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال گئی ہیں یا پھر اداکارہ کو زچگی کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔دیپیکا پڈوکون کے اسپتال جانے کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اداکارہ کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ دیپیکا پڈوکون 28 ستمبر کو جنوبی ممبئی کے ایک اسپتال میں اپنے پہلے بچے کو جنم دیں گی۔واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے سال 2018 میں اٹلی میں ایک پروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی جبکہ رواں سال فروری میں جوڑی نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں ستمبر میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔