پنجاب کے طلباء کو ملکی اور غیر ملکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ دیں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا عالمی یوم خواندگی پر پیغام
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبہ بھر میں سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کی تعلیم کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ معاشرے کے نظر انداز طبقات کی بنیادی تعلیم کے لیے درکار وسائل مہیا کیے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے عالمی یوم خواندگی پراپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم خواندگی پر آج سب کو پڑھانے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں۔ دین اسلام علم حاصل کرنے پر زور دیتاہے اور قرآن مجید میں بھی علم حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ خواندگی معیار زندگی کو بہتر اور ترقی کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سو فیصد خواندگی حاصل کیے بغیر ہم روشن مستقبل کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ تعلیم تک رسائی آسان بنانے کیلئے حکومت پنجاب تاریخی اور اختراعی اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت 3 اضلاع کے4 لاکھ طلبہ کو دودھ کے پیکٹ دیئے جارہے ہیں۔ طلباء ہکو تعلیم وتحقیق میں معاونت کے لیے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں۔ پنجاب کے طلباء کو ملکی اور غیر ملکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ دینگے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ طلبہ خاص طور پر طالبات کو آمدورفت میں آسانی کے لیے ہر تحصیل میں بسیں مہیا کرینگے۔انرولمنٹ کیمپین کے تحت بچوں کے داخلے کیے جارہے ہیں۔