کسی کا باپ بھی مجھے عمران خان سے جدا نہیں کرسکتا ، شیر افضل مروت کا جلسے سے خطاب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر پنجاب میں جلسہ کریں گے، جلسے کی تاریخ کا اعلان علی امین گنڈاپور کریں گے۔سنگجانی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہا کہ آج کارکنان کی محبت کو دیکھ کر میں یہ کہتا ہوں کہ کسی کا باپ بھی مجھے عمران خان سے جدا نہیں کرسکتا اور نہ کوئی مجھے پی ٹی آئی سے نکال سکتا ہے۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ میرا پختہ ایمان ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کی ہے یا عمران خان کی ہے، گولیاں ورکرز کھاتے ہیں، جیل میں ورکرز جاتے ہیں، ووٹ کارکنان نے دیے تو کسی کی پھنے خانی نہیں مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک ہفتے کے اندر پنجاب جائیں گے، پنجاب میں جلسہ کریں گے، جس کی تاریخ کا اعلان علی امین گنڈاپور کریں گے۔’میں نے کہا تھا کہ مجھے 30 ہزار لوگ چاہیے، کیا آپ میرے ساتھ نکلو گے، جن بدبختوں نے آج کنٹینر کھڑے کیے، سن لو ہم لاہور آرہے ہیں، میڈیا اور فارم 47 والوں نے ہمیں طعنے دیے کہ پنجاب میں جلسہ کرکے دکھاؤ، ہم عمران خان کی رہائی کے لیے، قانون کی حکمرانی کے لیے ہم پنجاب میں داخل ہوں گے۔‘ان کا کہنا تھا 50 ہزار کارکن مجھے چاہیے جو ہمارے ساتھ پنجاب جائیں گے، کارکنان سے کہتا ہوں کہ وہ 5 دن کا راشن ساتھ لائیں ہمیں پنجاب پیدل جانا پڑا تو جائیں گے۔