پاکستان بزنس فورم کے وفد کا سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹلی کا دورہ

پاکستان بزنس فورم کے وفد کا سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹلی کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر) آل پاکستان بزنس فورم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے حال ہی میں اٹلی کا دورہ کیا اور اس ترقی یافتہ یورپی ملک کی کاروباری برادری کے اہم اراکین کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس اٹلی کے شہر روم میں سفارتی امور کے دفتر میں ہوا، جس کا انعقاد پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر اسٹیفانو پونٹی کوروو نے کروایا۔دونوں دوست ممالک کی کاروباری شخصیات کے درمیان ملاقاتوں کا مقصد دو طرفہ تجارت ، سرمایہ کاری اور تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ اس دورے کے دوران APBF کے اعلیٰ عہدیداروں نے اٹلی کی صنعتی اور تجارتی تنظیموں سمیت اہم کاروباری شخصیات کے ساتھ اہم معلوماتی گفتگو کی ۔ APBF کے صدر ، ابراہیم قریشی نے کہا کہ؛ ان اہم ملاقاتوں کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ اٹلی کے کامیاب اور ترقی یافتہ کاروباری اداروں کو پاکستان میں موجود کاروباری مواقع سے متعارف کروایا جائے اور انہیں پاکستان میں منافع بخش کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کیا جائے۔ APBF کے اراکین نے اطالوی صنعتی برادری کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی ، تاکہ ان کی ملاقاتیں ترقی پسند پاکستانی تاجروں سے کروائی جائیں اور مشترکہ منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا جا سکے۔اٹلی میں پاکستان کے سفیر ندیم ریاض نے ان تمام شرکاء کے لئے روم میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک پرتکلف دعوت کا بھی اہتمام کیا۔ عشائیے میں موجود اہم شخصیات میں ؛ اسٹیفانو پونٹی کوروو ، پاکستان بورڈ آف انویسٹمینٹس کے چیئرمین مفتاح اسمعیل ، اطالوی ٹریڈ ایسو سی ایشن کے صدر رکارڈو مونٹی ، APBF کے صدر ابراہیم قریشی، APBF کے سیکریٹری جنرل سید معاذ محمود اور بہت سے دیگر کامیاب کاروباری حضرات شامل تھے۔APBF کے وفد نے اٹلی میں پاکستان کے سفیر - ندیم ریاض کی انتھک کاوشوں کو سراہا ، جن کے باعث بین الاقوامی حلقوں میں پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے۔ وفد کے اراکین نے اطالوی شرکاء کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں میں موجود کاروباری مواقع سے روشناس بھی کروایا اور اجلاس میں شریک اہم شخصیات کو یادگاری اسناد بھی پیش کیں۔