ایمنسٹی سکیم خوش آئندہ ، ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے تاجروں کو ریلیف دیا جائے ، لاہور چیمبر

ایمنسٹی سکیم خوش آئندہ ، ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے تاجروں کو ریلیف دیا جائے ، ...

لاہور( این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے وزیراعظم کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مدد ملے گی ، اگر حکومت بینکوں سے لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کردے تو نہ صرف موجودہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد جیت لے گی بلکہ نئے لوگ بھی انتہائی تیزی سے ٹیکس نیٹ میں آئیں گے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے نے کہا کہ پانچ فیصد ادائیگی کے بعد بیرون ملک اثاثے اندرون ملک لانے سے ملک کو فائدہ ہوگا، اس وقت بیرون ملک اثاثے پاکستان کے لیے بیکار ہیں، پاکستان میں آنے کے بعد یہ صنعت سازی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ نمبر کو این ٹی این کا درجہ دینا کاروباری برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران توانائی کے بحران اور امن و امان کے حالات کی وجہ سے سرمایہ بیرون ملک منتقل کیا گیا مگر اب حالات معمول پر ہیں، ایمنسٹی سکیم وہ سرمایہ واپس لانے میں مددگار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک غیرملکیوں کے لیے قوانین سخت بنائے جارہے ہیں لہٰذا دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کیلئے سرمایہ وطن واپس لانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹیکس اصلاحات کو مزید بہتر بنانے کیلئے بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کا فوری طور پر خاتمہ کردے کیونکہ اس ٹیکس کی وجہ سے تاجر پریشان اور مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ اس غیرمنصفانہ ٹیکس کو کسی نے قبول نہیں کیا لہٰذا حکومت اسے واپس لینے کا اعلان کرکے تاجروں کے دل جیت لے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...