سی پیک خطے میں صنعتی پیداوار کا مرکز بن کر ابھرے گا،بابر محمود

سی پیک خطے میں صنعتی پیداوار کا مرکز بن کر ابھرے گا،بابر محمود

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے کہا ہے کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی شعبے میں تعاون سے پاکستان جنوبی ایشیا ء میں صنعتی پیداوار کا مرکز بن کر ابھرے گا،پنجاب حکومت کی جانب سے سی پیک کے تناظر میں انفرا سٹر اکچر کو مضبوط بنانے پر توجہ اور جدید ہنر مند فورس کی تیاری جیسے اقدامات دورس نتائج کے حامل ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہارٹریڈرز ونگ لاہور کے چیئرمین بابر محمود ،جنرل سیکرٹر شاہد نذیر اور سینئر نائب صدر میاں عثمان نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سی پیک کو مد نظر رکھتے ہوئے انفراسٹر اکچر پرخصوصی توجہ دی ہے یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار یہاں رخ کر رہے ہیں ۔دوسروں صوبوں کو بھی پنجاب کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ آنے والے وقتوں میں ان منصوبوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی اور نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ہی پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بنے گا۔ٹریڈرز ونگ کے رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹیکسوں کی صورت میں حاصل ہونے والی آمدن کو عوام کی فلاح و بہبود خصوصاًانہیں زندگی کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے ۔ٹیکسیشن کے نظام میں کئی دہائیوں سے جو خرابیاں چلی آرہی ہیں انہیں دور کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے اور مالیاتی ڈسپلن کی بدولت مزید کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔

مزید : کامرس