عوام کی خدمت ‘ انہیں ریلیف دینا ترجیحات میں شامل ہے ‘ رفیق رجوانہ

عوام کی خدمت ‘ انہیں ریلیف دینا ترجیحات میں شامل ہے ‘ رفیق رجوانہ

ملتان(سپیشل رپورٹر )گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ہر مکتبہ فکر کو متحد ہو کر کاوشیں کرنا (بقیہ نمبر5صفحہ12پر )

ہوں گی، خلوص نیت، محنت و لگن سے کئے گئے کام کبھی رائیگاں نہیں جاتے،ہمیں دوسروں کی تکالیف اور مسائل کو سمجھنا ہوگا۔بھائی چارہ، روا داری کو فروغ دیا جائے اور دوسروں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائی جائے تو ہم ترقی و خوشحالی کی منزل باآسانی پاسکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہاؤس ملتان میں سیاسی، سماجی شخصیات و تاجر رہنماؤں سمیت سرکاری افسران سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے پیر اقبال حسین شاہ،سابق صوبائی وزیر و ممبر پنجاب اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی،، چیف ایگزیکٹو میپکو محمد اکرم چوہدری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبد الرحمن قریشی،ن لیگ ٹریڈ ونگ کے صدر جعفر علی شاہ، اعجاز رجوانہ، ملک آصف رفیق رجوانہ، چوہدری علی اکرم،اقبال عاربی،صنعت کار خواجہ محمد فاضل، خواجہ محمد یوسف و دیگر سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہمار ا مذہب ہمیں اخوت، روا داری، بھائی چارے اور دوسروں کے جذبات کو سمجھنے کی تعلیم دیتا ہے ہم ان رہنما اصولوں کو سامنے رکھیں اور ان پر عمل کریں، اگر ہم متحد و یک جان ہوں گے تو سماج دشمن عناصر ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے ہوتے ہیں، ہم باہمی رابطوں اور خلوص نیت سے مشترکہ کوششیں کی جائیں تو بہت سے مسائل پیدا ہی نہیں ہوں گے۔انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی برقی رو کے ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن کو مکمل کرلیا جائے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی ہے، میگا پراجیکٹس کی بدولت ہزاروں میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں شامل کی گئی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں جدید آلات جراحی سمیت ادویات کی وافر مقدار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹاف میڈیکل سٹاف تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے سے ان کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے، شکایا ت کے ازالے کیلئے تمام سرکاری محکمے اپنے سٹاف کو متحرک کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر و صنعت کار ہمارے سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ملکی تعمیر و ترقی میں ان کی کاوشوں سے کسی طور بھی انکار ممکن نہیں ان کے فلاحی کاموں کی بدولت ورکرز کو ریلیف مل رہا ہے۔آج ہمارا ورکر خوشحال ہے اسے مکمل حقوق میسر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پرامن ماحول سے کاروبار کے ساتھ ساتھ ہماری صنعتیں، فیکٹریاں اور کارخانے چلتے ہیں، حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ہر طبقے کو آسانیاں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ ہمارے اراکین اسمبلی و دیگر عہدیداران حکومتی عوامی فلاحی کاموں کی تشہیر کو یقینی بنائیں،پارٹی کارکن قائدین کا پیغام شہریوں کو پہنچائیں۔مسلم لیگ ن عوامی خدمت کے ساتھ آئندہ الیکشن میں بھی کامیاب ہوگی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...