جنوبی پنجاب میں آندھی ‘ بارش کا سلسلہ جاری ‘ بجلی کا ترسیلی نظام متاثر

جنوبی پنجاب میں آندھی ‘ بارش کا سلسلہ جاری ‘ بجلی کا ترسیلی نظام متاثر

ملتان ‘ راجن پور ‘ ڈیرہ غازیخان ( سپیشل رپورٹر ‘ سٹاف رپورٹر ‘ نمائندگان ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز بھی شام کے وقت ملتان میں (بقیہ نمبر13صفحہ12پر )

71کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی آئی جس سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ۔ جبکہ ڈیرہ غازیخان میں آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد شدید زخمی ہوگئے اس سلسلہ میں ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آندھی کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔اس ضمن میں ملتان اور مضافاتی علاقوں میں گزشتہ روز 71کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے گرد آلود آندھی سے سانس لینا دشوار ہوکر رہ گئے جبکہ دیہی علاقوں میں درخت گرنے کے ساتھ ساتھ شہری و دیہی علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی شدید متاثر ہوا ۔محکمہ موسمیات نے آج بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ملتان سے سٹاف رپورٹر کے مطابق ملتان اور گردونواح میں بارش سے بجلی کا ترسیلی و تقسیمی نظام بری طرح متاثر ہواہے۔اتوار کی شام بارش اور آندھی کے باعث میپکو کا ترسیلی و تقسیمی نظام بری طرح سے متاثر ہوا۔ ملتان شہر کو بجلی فراہم کرنیوالے فیڈرز کی بڑی تعداد ٹرپ کرگئی۔ جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ بیسیوں ٹرانسفارمرز کی خرابی اور سیکڑوں میٹروں کے جلنے اور خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بارش سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا۔ ملتان اور گردونواح میں بارش سے متعدد فیڈر ز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔ کئی علاقو ں میں ٹرانسفارمرز میں خرابی کے باعث وولٹیج کی کمی بیشی کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے باعث سیکڑوں صارفین کی الیکٹرانک اشیا جل گئیں۔ متعدد علاقوں میں وولٹیج100سے بھی کم ہو گئے۔بیشتر ایس ڈی اوز نے صارفین کی شکایات سننے کی بجائے اپنے سرکاری موبائل فونز ہی بند کرلئے ۔ میپکو حکام کے مطابق ہلکی بارش سے بجلی کی فراہمی میں آنے والے تعطل اور شکایات کے ازالے کے لئے میپکو ٹیمیں سرگرم رہیں اور جلد سے جلد بجلی بحال کی گئی ۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق راجن پور میں آج دن بھرسخت گرمی اور لو چلتی رہی جس سے سڑکیں اور بازار سنسان رہے لوکایہ سلسلہ شام تک جاری رہاتاہم شام سات بجے آندھی آنے اور ٹھنڈی ہوا کے چلنے سے موسم تبدیل ہوگیا ۔ ڈیرہ غازیخان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق . آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد شدید زخمی ،زخمیوں میں رفیق نامی نوجوان میٹرک کا طالبعلم اور بستی بندوآنی کا رہائشی ہے جبکہ دوسرا شخص ایک نامعلوم راہگیر ہے ،دونوں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈیرہ غازیخان شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا شہریوں نے چھٹی کے دن بارش کو خوب انجوائے کیا اور پینے کی اشیاء کے سٹالوں پر بھر پور رش دیکھنے میں آیا جبکہ گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر