ایشین کرکٹ کونسل کا اہک اجلاس کل ملائیشیا ء میں منعقد ہو گا

ایشین کرکٹ کونسل کا اہک اجلاس کل ملائیشیا ء میں منعقد ہو گا

لاہور(آن لائن)ایشین کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس(کل ) منگل کو ملائیشیاء میں منعقد ہوگا،جس میں اس سال ہونیوالے 3بڑے ٹورنامنٹس ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، ایمرجنگ ایشین کرکٹ ٹورنامنٹ اور ایشیا ء کپ انڈر 19 کے میزبان ملک کا فیصلہ ہونا ہے۔ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ جو اے سی سی کے صدر کی صدارت میں (کل )منگل کو منعقد ہوگا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی شرکت کریں گے۔اجلاس میں رکن ممالک کے عہدیداران شریک ہوں گے۔اتوار کو اپنے بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں یہ شامل ہے کہ ٹورنامنٹس کی میزبانی کس ملک کو دی جائے۔بھارت نے تصدیق کی ہے کہ اجلاس میں ان کی نمائندگی بھی ہوگی۔گزشتہ برس نومبر میں لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے ٹی ٹونٹی میچ کے موقع پر پر نجم سیٹھی نے سری لنکن بورڈ کے سربراہ کیساتھ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ اپریل میں پاکستان ایمرجنگ ایشین کپ کی میزبانی کرے گا لیکن بھارت نے اپنی جونیئر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ٹورنامنٹ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔بھارت نے ستمبر میں سینئر ٹیموں کے ایشیا کپ کی میزبانی کرنی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ اگر بھارت اپنی جونیئر ٹیم پاکستان نہیں بھیجتا تو پاکستان بھی ایشیا ء کپ کھیلنے سے انکار کردے گا۔پی سی بی سخت موقف کیساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کر ے گا۔ ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اس سال ہونیوالے ٹورنامنٹس کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بنگلہ دیش کی حمایت حاصل ہوگی تاہم پاکستان کوشش کرے گا کہ بھارت کو کنٹرول کیا جائے اور ایشین ٹورنامنٹس کی میزبانی کے حوالے سے ایسی پالیسی بنائی جائے کہ تمام ملکوں کو ٹورنامنٹس کی میزبانی کے مساوی مواقع مل سکیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...