گرین شرٹس کا دورہ انگلینڈ،سرفرازکی فوادعالم کو ’’خوشخبری‘‘

گرین شرٹس کا دورہ انگلینڈ،سرفرازکی فوادعالم کو ’’خوشخبری‘‘

لاہور(آن لائن)پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیزکیخلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان آئرلینڈ وانگلینڈکے ٹورزمیں شیڈول 3ٹیسٹ میچز ہیں جس کیلئے کمبی نیشن اور ممکنہ کھلاڑیوں پر غور جاری ہے،ان ٹیسٹ میچز کیلئے قومی ٹیم کے نظراندازکئے جانیوالے مڈل آرڈر بیٹسمین فوادعالم بھی اس بار موقع پانے کیلئے پرامید ہونگے جنہیں کپتان سرفرازاحمد نے خوشخبری سنادی ہے۔اتوار کو ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوادعالم کیمپ میں طلب کئے جانیوالے کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے،جس کا مطلب یہی ہوا کہ ان کی سلیکشن پر غور ہورہاہے،کیمپ میں ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کیساتھ ٹیم کی ضرورت کے مطابق حتمی سکواڈ کا انتخاب ہوگا۔

واضح رہے کہ 2009ء کے دورہ سری لنکا میں یونس خان کی قیادت میں 168رنزکی شاندار اننگزکیساتھ ٹیسٹ ڈیبیوکرنیوالے فوادعالم اس یادگار اننگز کے بعد مزید صرف 2ہی ٹیسٹ میچ کھیل سکے ہیں۔نومبر2009ء میں نیوزی لینڈکیخلاف ڈیونیڈن ٹیسٹ میں29اور5رنزکی اننگزکے بعد سے ان کے ٹیسٹ کیریئرکو بریک لگا دیا گیا ہے۔فوادعالم اب تک 145فرسٹ کلاس میچوں میں 27سنچریوں اور 57نصف سنچریوں کی بدولت55.37کی عمدہ اوسط سے 10742 رنزبناچکے ہیں،ایک روزہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچوں میں بھی 8سنچریاں ان کے نام ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...