انڈر13 ریجن کرکٹ ٹورنامنٹ،نوجوان ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع
اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیر شکیل شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری انڈر۔13 انٹر ریجن کرکٹ ٹورنامنٹ میں کرکٹ کا نیا نوجوان ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے اور گراس روٹ سطح پر کھیلے جانیوالے اس ٹورنامنٹ سے بچوں میں کرکٹ کھیلنے کا مزید شوق پیدا ہوگا۔اتوار کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مشیر شکیل شیخ نے کہا کہ اس وقت ٹورنامنٹ کے میچز چار مختلف شہروں میں کھیلے جارہے ہیں جن میں راولپنڈی، فیصل آباد،ملتان اور کراچی شامل ہیں، اور ہر ریجن کھلاڑیوں کا چناؤ بھی میرٹ کی بنیاد پر ہوگا کیونکہ ہر ریجن کے عہدیداروں کی بھی یہ ہی خواہش اور کوشش ہوتی ہے ٹورنامنٹ میں اس کی ٹیم کامیابی حاصل کرے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دیگرکھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں اکیڈمیز اور نرسریز کا قیام عمل میں لانا ہوگا جس کے ذریعے نئی نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں میں آگے آنے کے موقع ملیں گے۔شکیل شیخ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے زیراہتمام ملک میں جاری انڈر۔13 کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ میں چار، چار ٹیموں کو رکھا گیا ہے، گروپ اے میں کراچی، لاڑکانہ ، حیدر آباد اور کوئٹہ، گروپ بی میں ملتان، لاہور، بہاولپور اور ڈیرہ مراد جمالی، گروپ سی میں آزاد جموں و کشمیر، فاٹا، سیالکوٹ اور فیصل آباد جبکہ گروپ ڈی میں پشاور، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی کی ٹیمیں شامل ہیں۔
Ba