چارلسٹن اوپن:اناستاسیا سیواسٹووا کی سیمی فائنل راؤنڈ میں رسائی

چارلسٹن اوپن:اناستاسیا سیواسٹووا کی سیمی فائنل راؤنڈ میں رسائی

چارلسٹن/ مونٹیری (یواین پی) امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا میں جاری چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اناستاسیا سیو اسٹووا،میڈیسن کیز اور ککی برٹینز بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئیں تاہم کیرولینا پلسکووا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔نمبر آٹھ سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو چھ،چار اور چھ،صفر سے ٹھکانے لگایا،نمبر بارہ سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز نے نمبر چودہ سیڈ فرانس کی الیزے کورنیٹ کو چھ،دو اور سات،پانچ سے چلتا کیا جبکہ نمبر سات سیڈ امریکی کھلاڑی میڈیسن کیز نے ہم وطن حریف برنارڈا پیرا کو سخت مقابلے کے بعد چھ،دو،چھ،سات اور سات،پانچ سے مات دے کر لاسٹ فور مرحلے میں جگہ بنالی۔ میکسیکو میں جاری مونٹیری اوپن کی سیمی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی جہاں لاسٹ ایٹ راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ اسپینش کھلاڑی گاربائن موگوروزا نے نمبر آٹھ سیڈ آسٹریلیا کی آئیلا ٹاملیانووچ کو چھ،تین اور چھ،صفر سے رخصت کردیا،نمبر چھ سیڈ رومانیہ کی اینا بوگڈان نے امریکا کی ڈینیئل کالنز کو چھ، دو اور چھ،چار سے کنارے لگا دیا،نمبر دو سیڈ ہنگری کی ٹائمی بابوس نے نمبر پانچ سیڈ پورٹوریکو کی حریف پلیئر مونیکا پوئیگ کو چھ،چار اور چھ،دو سے گھر واپسی کا ٹکٹ تھما دیا جبکہ نمبر سات سیڈ امریکا کی ساچیا وکیری نے اپ سیٹ کرتے ہوئے خود سے بہتر نمبر دو سیڈنگ کی مالک سلواکین حریف میگڈلینا ریبریکووا کو چھ،صفر اور چھ،تین سے ٹھکانے لگا کر سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی