قیصر خان جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ازبکستان پہنچ گئے

قیصر خان جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ازبکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(آن لائن)قومی جوڈو کھلاڑی قیصر خان ایشیئن کیڈٹ اوپن جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ازبکستان پہنچ گئے ہیں۔اتوار کو پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایشین کیڈٹ اوپن جوڈو چیمپئن شپ 10سی14اپریل تک ازبکستان کے شہر تاشقند میں کھیلی جائیگی۔جس کیلئے فیڈریشن نے قیصر خان کاانتخاب کیا ہے تھا جس میں شرکت کیلئے وہ ازبکستان پہنچ چکے ہیں جہاں پر قیصر خان تربیت حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔فیڈریشن نے قیصر خان کو یوتھ اولمپک 2018ء کے کوالیفکیشن میں اتارنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔

یہ ایونٹ یوتھ اولمپک 2018ء کی تیاری کیلئے قیصر خان کا پہلا ایونٹ ہے۔یوتھ اولمپکس کیلئے کوالیفکیشن راونڈ جاری ہے۔مسعود احمد خان نے کہاکہ ایونٹ میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی اور رواں سال اکتوبر میں ارجنٹینا میں ہونیوالے یوتھ اولمپک 2018 کے اپنے پہلے کوالیفائنگ راونڈ میں کامیابی سے آغاز کرے گا۔مسعود احمد خان نے کہا کہ قیصر خان ایشیئن کیڈٹ اوپن جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد18اپریل تک ازبکستان میں تربیتی کیمپ میں تربیت حاصل کریں گے۔3

مزید : کھیل اور کھلاڑی