پاکستان میں دائیں بازوکی سیاست ہو رہی ہے : بلاول
ملتان(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ (ن )لیگ اور تحریک انصاف عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن، پاکستان میں اس وقت دائیں بازو کی سیاست ہو رہی ہے۔ دونوں پارٹیاں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ایک عمران خان کو اور دوسری نواز شریف کو وزیر اعظم بنانا چاہتی ہیں۔بلاول ہاؤس میں پارٹی ورکرز کو دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سٹیل مل اور پی آئی اے جو کبھی دنیا کے نمبر ون ادارے تھے انہیں یہ بیچ رہے ہیں۔ ہم نے 18 ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ دیا، لیکن (ن)لیگ نے زراعت، ٹیکسٹائل اور مینو فیکچر سیکٹر کو تباہ کر دیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن آنے والے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکن سندھ میں ہونے والی ترقی کے بارے میں لوگوں کو بتائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہی آئے اور پیپلز پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کرے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ حکومت نے ایمنسٹی سکیم کیلئے غلط وقت کا انتخاب کیا ،نواز شریف کہتے ہیں ووٹ کی عزت کرواور ان کے وزیر اعظم اداروں پرحملے کرتے ہیں،عمران خان کو یوٹرن کی عادت ہے،5سال میں ان کی اصلیت عوام کے سا منے آچکی ہے۔
بلاول بھٹو