فیروزوالہ، مختلف حادثات اور واقعات میں خاتون سمیت 8افراد جاں بحق، 6زخمی

فیروزوالہ، مختلف حادثات اور واقعات میں خاتون سمیت 8افراد جاں بحق، 6زخمی

فیروزوالہ(نمائندہ پاکستان) جی ٹی روڈ پرمختلف حادثا ت اور واقعات میں خاتون سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جی ٹی روڈ کی آبادی کالا شاہ کاکو کے قریب تیز رفتار مزدا ٹرک بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سوار فیملی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں جواں سالہ خاتون راحیلہ بی بی ہلاک اس کا شوہر سلیم اور تین بچے شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔جی ٹی روڈ کی آبادی رانا ٹاؤن کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے سٹرک عبور کرتے ہوئے دس سالہ لڑکے اویس کو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا یہاں پر وہ دم توڑ گیا فیروزوالہ پولیس نے واقع کی رپورٹ درج کر لی۔ جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں ایک نوجوان ثاقب ہلاک اور اس کا ساتھی فیصل زخمی ہو گیا۔ لاہور روڈ کی آبادی میں فیکٹری کی چھت پر کام کرتے ہوئے دو مزدور گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا یہاں ایک مزدور شہباز احمد دم توڑ گیا اور اس کا ساتھی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ کوٹ پنڈی داس روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سواروں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان دوست جاں بحق ہو گئے۔ نشہ کے لیے خرچہ نہ دینے پر نوجوان بشارت نے گولی ما ر کر اپنے سگے بڑی بھائی اختر علی کو ہلاک کر دیا ملزم فرار ہو گیا پولیس نے مقتول کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا ء کے حوالے کر دی۔ جی ٹی روڈ کی آبادی ظفر پارک میں نا معلوم افراد نے دوست کے گھر ملنے کے لیے جانے والے نوجوان نعیم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ملزم فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ تیس سالہ نعیم اپنے دوست صادق بھلہ کے ہاں ملنے کے لیے گیا وہ اس سے باتیں کر رہا تھا کہ نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے بجھوا دی۔

مزید : صفحہ آخر