آئین کی بالادستی سے ہی جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکتے ہیں: گورنر سندھ

آئین کی بالادستی سے ہی جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکتے ہیں: گورنر ...

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی با لادستی سے ہی جمہوریت کے بہترین ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکتے ہیں ، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے جہاں عوام کے منتخب نمائندے عوامی امنگوں کے مطابق آئین سازی میں بھرپور حصہ لیتے ہیں تاکہ مفاد عامہ کے کاموں کو مزید بہتر انداز میں تشکیل اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنا یا جا سکے اس ضمن میں وکلاء برادری کا جمہوریت کے قیام ، استحکام اور تسلسل کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کی با لادستی میں کلیدی کردار ہے ، جمہوریت کے قیام میں وکلاء برادری کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یٰسین آزاد کی سربراہی میں آنے والے 50 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جمہوریت کے قیام میں وکلاء کی خدمات ، آئین و قانون کی تشریح میں وکلاء کے کردار ،وکلاء کو درپیش مشکلات ، حائل رکاوٹوں ، آئین و قانون کی با لادستی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، عوامی فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ،مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے وکلاء برادری کے آئینی کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ریاست میں فلاح انسانیت کے جذبہ کو فروغ دینے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا آئینی ، قانونی اور اخلاقی کردار ادا کرنا ہوگا ، فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں ریاست کے مفاد عامہ کے لئے بنائے گئے قوانین پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد وقت کا اہم تقاضہ ہے اس ضمن میں وکلاء برادری کا کردار اہم ثابت ہو سکتا ہے ۔

گورنر سندھ

مزید : صفحہ آخر