مسلم لیگ ن کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے،فواد چوہدری

مسلم لیگ ن کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے،فواد چوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاسی مخالفین کیلئے نہیں بلکہ اپنی جماعت کیلئے نقصان کاباعث بن رہے ہیں اور ان کے اپنے لوگ دبے لفظوں میں اس کا اظہار بھی کر رہے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام اس کے سیاسی تابوت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے ،یہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں ان کا مقدر اب اقتدار نہیں بلکہ جیل ہے اور عوام انہیں کسی معاہدے کے نتیجے میں فرار بھی نہیں ہونے دیں گے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے اقتدار سے بیدخل کئے جانے کے بعد نواز شریف کے دل میں عوام کا درد جاگ اٹھا ہے ۔ اس سے پہلے تو کبھی نواز شریف کوعوام کوسستے اور فوری انصاف اور اپنی چھت کی فراہمی کا خیال نہیں آیا ۔دونوں بھائی حکومت میں ہوتے ہوئے بھی اپوزیشن کا کردار نبھا رہے ہیں اور عوام کو آئندہ اقتدار میں آکر مسائل حل کرنے کا لالی پاپ دیا جارہا ہے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے پیٹ میں اس لئے درد اٹھ رہا ہے کہ عمران خان نے عوام کو اپنے حقوق کا شعور کیوں دیا ۔آج عوام حکمرانوں سے نہ صرف اپنے حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں بلکہ گزشتہ کئی دہائیوں کا حساب بھی لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -