پنجاب حکومت بجٹ کے ساتھ مستقل مالیاتی ایوارڈ کا اعلان بھی کرے گی، منشاء اللہ بٹ
لاہور(نمائندہ پاکستان)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے اپنی رہائش گاہ پر تاجر برادری سے ملاقات میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب آئندہ مالی سال کے بجٹ کے ساتھ صوبے کے پہلے مستقل مالیاتی ایوارڈ کا اعلان کرنے جا رہی ہے ۔ مالیاتی ایوارڈ کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کے لیے کمیشن کی متفقہ رائے سے تشکیل شدہ ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے محکموں کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالیاتی ایوارڈکی تقسیم کا باقاعدہ فارمولا تشکیل دیا جا چکا ہے جس کے مطابق فنڈز کی تقسیم آبادی ، پسماندگی،ضرورت اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔ آبادی کو تخمینہ حالیہ مردم شماری کے نتائج سے لگایا جائے گا۔ گرانٹس چار مدات میں جاری کی جائیں گی جن میں عمومی مقاصد، ٹرانسیکشن، ڈویلپمنٹ اور پرفارمنس گرانٹ شامل ہیں۔ پرفارمنس گرانٹ کی منتقلی کے لیے مانیٹرنک تشکیل دی جائے گی ۔ ابتدائی طور پر یہ فرائض پی ایف سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سرانجام دے گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ بلدیاتی حکومتوں کو تاکید کر دی گئی ہے کہ وہ واسا، سالڈ ویسٹ ،مینجمنٹ اور صاف پانی سمیت دیگر مقامی ایجنسیوں کو جو ان کے تحت کام کر رہی ہیں اپنے وسائل میں اضافے کا ذریعہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقل فنانس کمیشن میں مقامی حکومتوں کو49.5%زائد فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ہونے والے اجلاس میں کمیٹی میں تجویز پیش کی گئی کے پنشن کے مسائل کے حل کے لیے بھی باقاعدہ پالیسی تشکیل دی جائے اورعارضی کاموں کے لیے مستقل بھرتیوں کی بجائے کنٹریکٹ ملازمین رکھے جائیں۔