ٹیک ویلفیئر ہائی سکول کے طلبا قائد اعظم کو اپنا رول ماڈل بنائیں،خواجہ اکرم

ٹیک ویلفیئر ہائی سکول کے طلبا قائد اعظم کو اپنا رول ماڈل بنائیں،خواجہ اکرم

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستانی نوجوان طلباء طالبات کی صلاحیتوں کو دیکھ کر امید کی کرن نظر آتی ہے پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کے بہترین سائنسدان موجود ہیں جو مستقبل میں اپنا لوہا منوائیں گے۔ بدقسمتی سے پاکستان کے سب سے زیادہ قیمتی سرمایہ انسانی وسائل کی کسی کو قدر نہیں۔ان خیالات کا اظہار ٹیک ویلفیئر ہائی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے دوران مقررین نے کیا جن میں ٹیک ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین خواجہ محمد اکرم، ٹیک ویلفیئر سکول بورڈ کے چیئرمین میاں نبیل اشرف،صدر ٹیک سوسائٹی مشتاق احمد نائب صدر ڈاکٹر محمد صادق اور جنرل سیکرٹری رانا طارق محمود شامل تھے۔ اسکے علاوہ بڑی تعداد میں ٹیک ویلفیئر ہائی سکول کے طلبا طالبات انکے والدین اور انتظامیہ کے ارکان نے بھی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان علم کی کمی کا شکار ہے۔ جن لوگوں کے پاس اختیارات ہیں وہ علم نہیں رکھتے اور جن کے پاس علم ہے انکے پاس اختیارات نہیں۔ علم والوں کے پاس اختیارات ہونے چائیں اور پھر انکا احتساب بھی ہونا چاہئے۔ مقررین نے ٹیک ویلفیئر ہائی سکول کے طلبا و طالبات سے کہا کہ وہ قائد اعظم کو اپنا رول ماڈل بنائیں جنھوں نے انتھک محنت کے ذریعے یہ رتبہ حاصل کیا اور ہمیں ایک آزاد وطن پاکستان دلوایا۔ قائد اعظم ڈر اور خوف سے عاری تھے۔ ٹیک ویلفئیر ہائی سکول کے چئیرمین بورڈ آف گورنرز میاں نبیل اشرف ، ٹیک سوسائٹی کے صدر مشتاق احمد ، نائب صدر ڈاکٹر محمد صادق، جنرل سیکر ٹری ٹیک سوسائٹی رانا طارق محمود ،اظہار گروپ کے چئیرمین عامر اظہار، ٹیک ویلفئیر سکول کے بانی منور ظہیر، مسز ناہید شیخ ، ڈاکٹر حسیب اللہ، میاں داؤد ، عبدالمجید خان اور دیگر نے کامیاب ہونیوالے طلبا و طالبات میں انعامات و اسناد تقسیم کیں جبکہ ٹیک ویلفئیر ہائی سکول کی پرنسپل افراء ہاشمی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی کامیابی کا تناسب سوفی صد رہا اور طلبا و طالبات نے نوے فی صد تک نمبر حاصل کئے۔ سکول کے بچوں نے ملی نغمیں اور خاکے پیش کئے جسے حاضرین محفل نے پسند کیا۔ٹیک ویلفئیر سکول بورڈ کے چئیرمین نے مخیر حضرات کی طرف سے مالی معاونت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...