چیف سیکرٹری پنجاب کو ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں سہولیات مکمل کرنے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت

چیف سیکرٹری پنجاب کو ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں سہولیات مکمل کرنے کے عدالتی ...

لاہور (خبر نگار خصوصی ) چیف جسٹس پاکستان نے ہسپتالوں کی حالت زار کے متعلق از خود نوٹس کیس میں چیف سیکرٹری پنجاب کو ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں سہولیات مکمل کرنے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے صاف پانی کیس کی سماعت کے اختتام پر چیف سیکرٹری پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے حوالے سے فیصلہ جاری کیا ہے کیا آپ نے اس پر عمل درآمد کر دیا ہے ؟۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں ایک فہرست بھی دی گئی ہے جس میں ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں ان آلات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید نے کہا کہ انہیں اس بارے نہیں علم کہ سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ جاری کیا ہے، تاہم جیسے ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول ہو گا اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ عدالت نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں سہولیات کے فقدان کے حوالے سے سپریم کورٹ کے جاری فیصلے کی روشنی میں سہولیات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت چودہ اپریل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

مزید : صفحہ اول