کارکن آئندہ الیکشن کی تیاری، پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں، رانا ثناء اﷲ

کارکن آئندہ الیکشن کی تیاری، پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں، رانا ثناء اﷲ

فیصل آباد(آن لائن)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ کارکن آئندہ الیکشن کی بھر پور تیاری کریں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں،عوامی خدمت کی کارکردگی میں کارکن اپنے آپ پر فخرمحسوس کریں کیونکہ آئندہ الیکشن میں فتح حاصل کرنے کے لئے ترقیاتی کارکردگی سب کے سامنے ہے حلقہ میں عوامی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے ریکارڈ منصوبے ان کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور عوام کی حمایت سے آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرکے ترقی و خدمت کا یہ مشن جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے یہ بات یونین کونسل 101 میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔چیئرمین یونین کونسل 101 ساجد جٹ ‘ وائس چیئرمین ارشد گجر ‘ چیئرمین مقامی زکوۃ کمیٹی حمید احمد ‘ چوہدری پرویز جٹ ‘ رانا شہر یار احمد ‘ میاں خالد ‘ سردار نعمان ‘ منور منج ‘ اعظم گیلانی ‘ کونسلر پارٹی ورکرز اور معززین علاقہ بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ صوبائی وزیرقانون نے حلقہ کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالی کے فضل و کرم سے اس حلقے میں تعلیم ‘صحت ‘ مواصلات ‘ سیوریج ‘ واٹر سپلائی ‘ سٹریٹ لائٹس ‘ بہترین پبلک پارکس ‘ سپورٹس سٹیڈیم/ جمنیزیم ‘ فنی تعلم کے ادارے اوردیگرشعبوں میں وسیع بنیادی سہولتیں لوگوں کی دہلیزپر میسر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام نے جس طرح ہمیشہ بھر پور حمایت سے گہری محبت کا اظہار کیا ہے وہ علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لحاظ سے واضح نظر آرہی ہے کہ اب حلقہ کے مکینوں کا بنیادی سہولتوں کا کوئی بھی مسئلہ باقی نہیں رہا ۔انہوں نے کہا کہ اس حلقہ میں دو گرلز کالجز ‘ 250 بیڈز کا جنرل ہسپتال‘ شہر کا تیسرا بڑا سپورٹس سٹیڈیم ‘ ووکیشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ‘ کمیونٹی سنٹرز‘ ڈسپنسریاں اور دیگرلاتعداد ترقیاتی منصوبے علاقائی ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمت کا اعلی معیار پیش کرر ہے ہیں ۔اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل ساجدجٹ و دیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں کی شاندار عوامی خدمت کوخراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ انہوں نے اقتدار کو اﷲ تعالی اورعوام کی امانت سمجھتے ہوئے عوامی خدمت کا صحیح حق ادا کیا ہے اوروہ حلقہ کی عوام کے سامنے سرخرو ہیں یہی وجہ ہے کہ حلقہ کے عوام ان سے گہری محبت رکھتے ہیں اور اس محبت کا ثبوت وہ آئندہ الیکشن میں بھی دیں گے۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...