بھارت پاکستانی نکات کا جواب دینے میں ناکام ہے: بھیم سنگھ
سرینگر(اے این این )نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے حکومت ہند پر اقوام متحدہ میں پاکستانی نمائندے ملیحہ لودھی کے جموں وکشمیر کے تعلق سے اٹھائے گئے پوائنٹ کا جواب دینے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پروفیسر بھیم سنگھ نے دونوں ہندستان اور پاکستان سے کہا کہ وہ 13اگست 1948میں سلامتی کونسل کی تیار کردہ قرارداد کا مطالعہ کریں جس میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ دونوں ہندستان اور پاکستان جموں وکشمیر میں امن بحال کرنے کے لئے تعاون کریں گے جس سے وہاں حالات معمول پر آسکیں۔پنتھرس سربراہ نے حکومت ہند سے سوال کیا کہ کیوں وہ جموں وکشمیر کے تعلق سے تاریخ کے صفحات کو کھولنے میں ناکام رہی؟انہوں نے اس کے لئے ہندستانی قیادت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔انہوں نے سابق کانگریسی قیاد ت اور موجودہ قیادت پر بھی جموں وکشمیر کے تعلق سے اصل امور کو اٹھانے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔