سب کا بلا امتیاز احتساب ہوتا تو (ن)لیگ کبھی تنقید نہ کرتی، دانیال عزیز
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ سب کا بلا امتیاز احتساب ہوتا تو (ن)لیگ کبھی تنقید نہ کرتی، تحریک انصاف جو خیبرپختونخوا میں مکمل اختیارات کے مزے لوٹ رہی ہے مگر وہاں احتساب کے دفتر کو تالے لگوا دئیے ہیں،نوازشریف یا کوئی ہمارا رہنما قومی اداروں کیخلاف نہیں بلکہ ہم قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ اتوار کومیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت کا کسی بھی ادارے کے خلاف پالیسی پر یقین نہیں بلکہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)احتساب کے حق میں ہے لیکن یہ بلاامتیاز اور سب کا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف اپنے لیے کسی ریلیف کی تلاش میں نہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف ملکی قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں لیکن کوئی بھی ان کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جو خیبرپختونخوا میں مکمل اختیارات کے مزے لوٹ رہی ہے نے وہاں احتساب کے دفتر کو تالے لگوا دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کوئی سیاستدانوں پر تنقید کرتا ہے کیونکہ وہ سب کے لیے آسان ہدف ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہماری جماعت کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ اب بھی محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ عام انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اراکین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔