خیبر پی کے میں غیر قانونی بھرتیاں ، نیب نے تحقیقات شروع کردی
پشاور(آن لائن) خیبرپختونخوا احتساب کمیشن میں بھرتیوں کے دوران بڑے پیمانے پر ہونے والی بے ضابطگیوں کی نیب نے تحقیقات شروع کر دی ہے جن میں درخواستیں دینے والے درجنوں امیدواروں کا ریکارڈ غائب کرنے، غیر قانونی بھرتیوں اور خلاف ضابطہ تعیناتیوں کا راز کھلا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ احتساب کمیشن میں بھرتیوں کے دوران 2 امیدواروں کی انٹرویو شیٹ پر چیئرمین نے "NO" لکھا جسے "YES" کردیا گیا، بھرتی کے لیے درخواستیں دینے والے درجنوں امیدواروں کا ریکارڈ غائب کر دیا گیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کا نام کامیاب امیدواروں میں نہیں پھر بھی بھرتی ہوگیا، ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے درخواست دینے والوں کو ایڈیشنل ڈائریکٹر لگانے کا بھی انکوائری میں علم ہوا ۔ سلیکشن کمیٹی نے امیدواروں کو مسترد کیا اس کے باوجود بھرتی ہوگئے، درجنوں افسروں کو بغیر تجربہ بھرتی کیے جانے اور انٹرمیڈیٹ کرنے والے کو احتساب کمیشن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر تعینات کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے ڈائریکٹر انوسٹی گیشن کی 62 میں سے60 امیدواروں کی درخواستیں بغیر وجہ مسترد کی گئیں۔یادرہے کہ عمران خان نے چیلنج کیا تھا کہ اگر نیب خیبرپختونخوا میں کسی کو پکڑسکتی ہے تو پکڑ لے۔