رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول ، امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی ، گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت پر احتجاج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این ) دفترخارجہ نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو طلب کرکے امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفترخارجہ طلب کیا اور گزشتہ روز امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کے جاں بحق ہونے پر احتجاج کیا گیا۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے طلب کیا تھا۔سیکرٹری خارجہ نے امریکی سفیر کو بتایا کہ گزشتہ روز امریکی ملٹری اتاشی نے گاڑی سے ٹکر مار کر نوجوان کو جاں بحق جب کہ اس کے ساتھی کو زخمی کردیا، پاکستان اس حوالے سے ملکی قانون اور ویانا کنونشن کے مطابق انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے شہری کی ہلاکت اور ساتھی کے زخمی ہونے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور معاملے کی تحقیقات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دوسری جانب امریکی سفارتکارکی گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کی نمازجنازہ آبائی گاؤں تلہاڑ میں اد اکی گئی۔نماز جنازہ میں عزیز واقارب کے علاوہ علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔اسلام آباد پولیس نے تھانہ کوہسار اسلام آباد میں واقعے کا مقدمہ جاں بحق نوجوان کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق امریکی سفارتکار نے ریڈ سگنل کو کراس کرتے ہو ئے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔موٹر سائیکل سوار عتیق بیگ اپنے کزن کے ہمراہ ایف ایٹ سے مارگلہ روڈ کی طرف آرہا تھا،دامن کوہ چوک پر سفید رنگ کی گاڑی نے سرخ سگنل توڑتے ہوئے موٹر سائیکل کو کچل ڈالا۔حادثے میں عتیق موقع پر ہی جاں بحق اور اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوا، گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ایئر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف چلارہا تھاحادثہ گاڑی ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔حادثے کے بعد گاڑی کو تھانہ کوہسار لایا گیا، امریکی سفارتکار نے خود کوگاڑی کے اندر بند کرلیا بعد میں وہاں سے فرار ہوگیا۔