آئندہ انتخابات میں الزامات اور دھرنوں کی سیاست کو دفن کر دینگے، فیض آباد میں بھی میٹرو چلے گی : شہباز شریف

آئندہ انتخابات میں الزامات اور دھرنوں کی سیاست کو دفن کر دینگے، فیض آباد میں ...

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست پارلیمان پر حملہ کرنے ،دھرنے و انتشار ،سول نافرمانی اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سیاست ہے ،جسے آئندہ عام انتخابات میں ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے ،چین کے ساتھ معاہدوں سے ملک ترقی میں آگے بڑھے گا اور خوشحالی آئے گی ،اگر عوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو فیصل آباد میں بھی میٹرو چلائیں گے ،مخالفین نے اپنے صوبوں میں لوگوں سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کیا ،ملک کو قائد کا پاکستان بنانے کیلئے ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا ،وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنی ذات نہیں بلکہ ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا ،سیاست میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے اور مخالفت برائے مخالفت کا خاتمہ کرنا ہوگا ،ذاتی جھگڑوں اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمن ،چوہدری خالد جاوید وڑائچ ،چیئرپرسن ضلع کونسل فوزیہ خالد وڑائچ ،ایم پی اے پیر قطب علی المعروف علی بابا،چیئرمین میونسپل کمیٹی پیر محل چوہدری خالد سردار سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ،میاں شہباز شریف نے کہا کہ ٹھیک طرح کام نہیں کرنے دیا گیا ،سازشیں مسلم لیگ(ن) یا میاں نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ 22کروڑ پاکستانی عوام کے خلاف کی گئی ہیں ،پی ٹی آئی کی سیاست نازیبا الفاظ اور جھوٹے الزامات کی ہے ،عمران خاں نے عوام کو سول نافرمانی کیلئے اکسایا بجلی کے بلوں کا بائیکاٹ کرنے کا کہا اور انکے دھرنوں کی وجہ سے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا،آئندہ الیکشن کے بعد ایسی سیاست کو ختم کردیں گے ،بجلی کے منصوبے سات ماہ قبل لگ جاتے تو لوڈ شیڈنگ ختم ہوجاتی ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے پنجاب کے کسانوں کی آسودگی کیلئے بلا سود قرضے دئیے ،ٹیوب ویل لگائے اور جدید زرعی مشینری سبسڈی پر فراہم کی ،ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات فراہم کیں ،میاں شہباز شریف نے جلسہ میں موجود لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ بتاؤ آپ کے دیہاتوں میں سڑکیں بنیں یا نہیں ،ساڑھے چار سال میں ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ،2013ء سے قبل 22،22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی ،میاں شہباز شریف نے جلسہ گاہ میں لوگوں کا شکریہ ادا کیا ،شہباز شریف نے کہا کہ پانچ سال میں میاں نواز شریف کی قیادت میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے۔وزیراعلٰی پنجاب نے کہا ہے کہ عمران خان جس زرداری کو برا بھلا کہتے تھے، سینیٹ الیکشن میں اسی کے ڈپٹی چیئرمین کو ووٹ دے دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ’’بلاول کہتا ہے عمران انکل دوبارہ بھی پیپلزپارٹی کو ہی ووٹ دیں گے، عمران خان کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں ۔جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سب سے پہلے ایم این اے چوہدری اسد الرحمن کی رہائش گاہ موضع ٹبی پر پہنچے ،جہاں انہوں نے اراکین اسمبلی و دیگر مسلم لیگی عہدیداروں سے ملاقات کی ،جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے منتخب رکن قومی اسمبلی وفاقی وزیر مملکت محمد جنید انوار چوہدری ،مسلم لیگ(ن) کے ضلعی صدر ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر چوہدری امجد علی جاوید،صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی کرنل(ر) سردار محمد ایوب خاں گادھی ، مسلم لیگی ایم پی ایز میاں محمد رفیق ،عبدالقدیر اعوان ،محترمہ نازیہ راحیل،چیئرمین میونسپل کمیٹی کمالیہ ملک محمد شریف نے جلسہ میں شرکت نہیں کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول