کوہاٹ ،تھانہ استرزئی میں کھلی کچہری کا انعقاد

کوہاٹ ،تھانہ استرزئی میں کھلی کچہری کا انعقاد

کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان نے عوامی مسائل کے دیرپا حل کیلئے تھانہ استرزئی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔کھلی کچہری میں ایس ایچ او قسمت خان اور ملحقہ علاقوں کے عمائدین و عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔کھلی کچہری کے دوران موجودہ صورتحال کے پیش نظر علاقائی امن و دفاع کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ علاقے کے عوام کی اجتماعی و انفرادی مسائل کے حل اور پولیس عوام کے مابین دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عوامل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔کھلی کچہری کے شرکاء نے پولیس نفری میں اضافے ،مرئی میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو اورکزئی ایجنسی کے سنگم پر منتقل کرنے اور کچئی میں پولیس چوکی کے قیام کے مطالبات پولیس حکام کے سامنے رکھے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ پولیس کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا ہے جبکہ معاشرتی برائیوں کے انسداد اور مفاد عامہ کیلئے اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات میں پولیس فورس کا عوام دوست کردارخراج تحسین کا حامل ہے ۔کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان نے شرکاء کو یقین دلایا کہ انکے مسائل ترجیحی بنیادوں کو حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ اور قانون کی عملداری پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اور مجرمانہ سرگرمیوں کا بہتر سد باب عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے لہٰذا اس سلسلے میں پولیس اور عوام کا دو طرفہ تعاون بے حد ناگزیر ہے۔انہوں نے مقامی پولیس پر زور دیا کہ وہ عوام کیساتھ وابستہ تمام معاملات میں مفاد عامہ اور قانون کی حکمرانی کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی بجا آوری کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر موجود افراد نے عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے کھلی کچہری منعقد کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پولیس کیساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر