دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں ،مولانا یوسف

دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں ،مولانا یوسف

چارسدہ (بیورورپورٹ)جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف خان نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہے ۔ شعائر اسلام اور اسلامی اقدار کی حفاظت ہمیشہ ان مدارس کے فارغ التحصیل علماء نے کی ہے ۔ ملکی سیاست میں بھی علماء کا کردار مسلمہ ہے ۔ وہ دارالعلوم اسلامیہ چارسدہ میں سالانہ جلسہ دستار بندی سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ادارے کے مہتمم مولانا سید گوہر شاہ ایم این اے ، جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک، مولانا غلام محمد صادق ، مولانامحمد ادریس ، مفتی عبد اللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان ، ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر فارغ التحصیل علماء اور حفاظ کی دستار بندی کی گئی ۔ جلسے سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہاکہ جب بھی اسلام دشمن قوتوں نے ہمارے مذہبی اقدار پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو دینی مدارس سے وابستہ ہزاروں علماء اور طلباء نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ یہی وجہ ہے کہ حکومتی سطح پر بھی جب غیر اسلامی قانون سازی کی کوشش کی گئی تو علماء نے اس کا ڈٹ کر جواب دیا اور حکومت کے اس قسم کے منفی عزائم کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی قانون سازی میں علماء اور جے یو آئی کا ایک فیصلہ کن کردار رہا ہے ۔ 1973کے آئین میں شامل اسلامی دفعات جے یو آئی سے وابستہ علماء اور مولانا مفتی محمود کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر