خیبر پختونخوامیں مواصلت کا وسیع جال بچھا دی : محمود خان

خیبر پختونخوامیں مواصلت کا وسیع جال بچھا دی : محمود خان

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی قومی زیادہ خوشحال ہوتی ہیں جن کو آمدورفت میں کوئی مشکلات نہ ہوں، دور دراز اور پسماندہ علاقے مواصلات ہی کے ذریعے ترقیافتہ علاقوں سے جڑے ہوتے ہیں اور اپنی ضروریات زندگی کی سہولتیں آسانی کے ساتھ انہیں مواصلات کی وجہ سے فراہم ہوتی ہیں ، خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پورے صوبے میں مواصلات کا ایک وسیع جال پھیلا دیا ہے اور پورے صوبے کی سڑکوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا ہے اور اب آسانی کے ساتھ کئی کئی گھنٹوں کا لمباسفر بہت مختصر ہو گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے باغ سر مٹہ سوات میں روڈ کے افتتاح کے منعقدہ ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے تحصیل مٹہ کے نائب ناظم محمد حکیم خان ، ضلعی کونسلر خیرات محمد اور پی ٹی آئی کے رہنما ملک گل شیر خان نے بھا خطاب کیا ۔ واضح رہے کہ مذکورہ ایک کلومیٹر روڈ کو ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے ۔محمود خان نے کہا کہ ہم اپنی قوم کو عمران خان کی قیادت میں بے ساکھیوں کے بغیر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں ، ہمارا عزم کرپشن کا خاتمہ ، اداروں میں شفاف نظام لانااور حقدار کو انصاف اور ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک اور خاص کر خیبر پختونخوا میں وسائل کی کوئی کمی نہیں تاہم ان سے استفادہ صحیح انداز میں نہیں کیا جارہا ہے ، ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں سیاستدانوں کا ہی ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور صوبے میں کرپشن فری اسلامی فلاحی معاشرے کی داغ بیل پڑ چکی ہے اور غریب آدمی کا کام بغیر کسی سفارش اور رشوت کے ہو رہا ہے ، یہی ہماری لائی ہوئی تبدیلی ہے جس کے ثمرات سے غریب اور مستحق افراد مستفیدہو رہے ہیں ۔محمود خان نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے سودی کاروبار ، جہیز پر پابندی ، مساجد کو سولرائزیشن ، ختم نبوت کو نصاب میں شامل کرنے اور سکولوں میں درسی کتب سے خلاف اسلام غلطیاں دور کرنے اور سکولوں میں ناظرہ قرآن بمعہ ترجمہ لازمی قرار دیا ہے اور صوبے کے مساجد کے ائمہ کے لئے وظائف کا اجراء بھی کر دیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں عدل و انصاف پر مبنی فلاحی حکومت کے قیام کے لئے ایک مشنری جذبے کے تحت مصروف عمل ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملک کے مسائل حل کرنے اور چوروں لٹیروں سے نمٹنے کے علاوہ لوٹا ہوا خزانہ واپس لانے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر