مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالتﷺ کانفرنس آج9اپریل کو منعقدہوگی

مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالتﷺ کانفرنس آج9اپریل کو ...

مظفرآباد (بیورورپورٹ ) مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالتﷺ کانفرنس آج9اپریل کو منعقدہوگی، کانفرنس کی صدارت وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان جبکہ پاکستان کے معروف عالم دین یادگاراسلاف حضرت علامہ پیر سید حسین الدین شاہ مہمان خصوصی کے طورپر شریک ہونگے،کانفرنس سے آزادکشمیر کے جیدعالم دین علامہ زبیراحمدنقشبندی خصوصی خطاب کریں گے، مرکزی سیرت کمیٹی نے تحفظ ناموس رسالتﷺ کانفرنس کے تمام تر انتظامات کو مکمل کرلیاہے۔جامع مسجد عثمانیہ پی ایم ہاؤس میں منعقدہ کانفرنس بعدنمازظہرشروع ہوجائے گی۔ کانفرنس میں علماء کرام، دینی وسماجی تنظیموں کے ذمہ داران،تاجران اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بڑی تعدادمیں عمائدین شہر اورتمام طبقہ زندگی کے افرادشریک ہونگے،مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کانفرنس کا مقصد آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں تحفظ ختم نبوت بل کی منظوری پر اظہار تشکر اور عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنا ہے۔کانفرنس میں تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ کیلئے قربانیاں دینے والے عاشقان رسول کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ صحابہ کرامؓ سے لے کر سلف صالحین،اولیاء کرام ؒ نے تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور بنیادی عقیدہ کی حفاظت اور اس کی عظمت کی پاسبانی کا فریضہ انجام دیاہے۔ اب امت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نسلِ نو کو تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے حوالہ روشناس کروائے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی ‘تحفظ ختم نبوت ﷺکے حوالہ سے خدمات انجام دینے والے تمام اکابرین ،دینی تنظیموں اور جماعتوں،سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوام الناس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ کاکام ختم نہیں ہوا بلکہ اب ہم سب پر زیادہ بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ ہم اس قانون کی حفاظت کریں۔اس مقدس قانون کی منظوری کے بعد اسلام دشمن عناصر کی سازشوں میں مذید تیزی آسکتی ہے اور وہ مختلف مذموم ہتھکنڈے استعمال کرکے مسلم امہ میں فرقہ واریت سمیت دیگر طریق سے انتشاروافتراق پھیلانے کی سازشیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم امہ‘ اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے رسول ختمی المرتبت آقائے کل جہاں جناب محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کے مطابق اتحاد و اتفاق سے آگے بڑھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ مسلم امہ کے مسائل حل نہ ہوں۔ انہوں نے عصرحاضرمیں پوری دنیامیں ایک منظم سازش کے تحت مسلم نوجوانوں کے دلوں سے صحیح اسلامی روح عشق رسول ﷺ کو نکالنے کی ریشہ دوانیاں عروج پر ہیں اور ختم نبوت و ناموس رسالتﷺ پر ڈاکہ زنی کی جارہی ہے‘مسلم امہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ بقاء ایمان اور تحفظ اسلام کیلئے اٹھ کھڑے ہوں بلکہ اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے بھی اپنا کرداراداکریں۔انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت ﷺ ہر مسلمان کے ایمان کی جان اور اس کی بنیاد ہے۔ عقیدہ ختم نبوت و تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے بغیر کسی کا ایمان کامل نہیں ہوسکتا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر