مظفرآباد،ن لیگی حکومت بیروز گاری کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے،بیرسٹر افتخار گیلانی
مظفرآباد (بیورورپورٹ ) وزیرتعلیم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت بیروز گاری کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ حکومت نے میرٹ بحال کردیا ہے۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار مل رہا ہے ۔ تاجر بھی بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کررہے ہیں‘ بیروزگار افراد کی بڑی تعداد کاروباری حضرات کے ساتھ برسر روزگار ہے ۔ ان خیالات کااظہار گزشتہ روز سینٹرل پلیٹ میں میر ٹریڈرز کے افتتاح کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول ‘ چیئرمین تاجر جائنٹ ایکشن کمیٹی عبدالرزاق خان ‘ مسلم لیگ ن ٹریڈ ونگ کے صدر فاروق قادری ‘ شاہر اہ انجم نثار میر کے صدر اصغر نثار میر‘ موئید ملک ‘ عارف لون ‘ شفیق قریشی ‘ احمد شاہ بخاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں شہریوں کے مسائل حل ہورہے ہیں۔ رکے ہوئے منصوبوں پر زور وشور سے کام جاری ہے۔ وزیرتعلیم بیرسٹر افتخارگیلانی شہر کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ بینک روڈ برج ‘ رنگ روڈ سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل پر شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہو جائینگے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے مزید کہاکہ ہم تاجروں کے تمام مسائل حل کرینگے۔ لون سکیم منصوبے سے بیروزگاری کے خاتمہ میں بڑی مدد ملے گی۔پاکستان کے عام انتخابات 2018ء میں مسلم لیگ ن قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔ بزنس کمیونٹی اور پاکستان میں مقیم کشمیر کمیونٹی اس میں اہم رول ادا کریگی۔ آج پاکستان کا ایک بہتر امیج دنیا کے سامنے ہے۔