”ون بیلٹ ،ون روڈ “منصوبہ ایشیاء اور مغرب کے درمیان رابطہ قائم کرنے کا ذریعہ: وزیراعظم
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن الائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ”ون بیلٹ ،ون روڈ “منصوبہ ایشیاءاور مغرب کے درمیان رابطہ قائم کرے گا۔
چینی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ، ایئرپورٹ اور ہائی ویز کا جال چین کے مغربی حصے اور وسط ایشیاءکو گرم پانی تک لانے کے بہترین ذرائع ثابت ہوں گے اور ’ایک خطہ ، ایک سڑک ‘منصوبے کا یہ نمایاں پہلو ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کا یہ اقدام اس خطے اور مغرب کے درمیان تجارت اور لوگوں کے درمیان رابطے کے نئے مواقع پیدا کرے گا، اس منصوبے کا مضبوط پہلو رابطے قائم کرکے لوگوں کو جوڑنا ہے اور اس طرح نوع انسانی کو مشترکہ مستقبل ملتا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ذریعے پاکستان کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کااہم شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی باﺅ فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے اِن دنوں چین کے دورے پر ہیں۔اس سال باﺅ فورم کے تحت ہونے والی کانفرنس کا عنوان ’دنیا کی وسیع تر خوشحالی کے لیے ایک آزاد اور جدید ایشیاء‘ رکھا گیا ہے۔
8 سے 10 اپریل تک جاری رہنے والی اس کانفرنس سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 10 اپریل کو خطاب کریں گے جبکہ اپنے دورے میں وہ چین کے صدر شی جن پنگ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔