عمران خان راولپنڈی کے لالو پرساد کے ساتھ گھومتے رہے ، انہیں کسی نے چائے کا کپ تک نہیں پوچھا: حنیف عباسی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان راولپنڈی کے لالو پرساد کے ساتھ گھومتے رہے لیکن انہیں کسی نے چائے کا کپ تک نہیں پوچھا۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنمامسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام نے عمران خان کو مسترد کردیاہے ، کل ایک اجنبی راولپنڈی شہرکے اندر آیا تھا۔ 5 سال بعد عمران خان راولپنڈی کے لالو پرشاد کے ساتھ گلیوں میں گھومتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں عمران خان کی کسی بھی جگہ شنوائی نہیں ہوئی ان سے پورے شہر میں کسی نے چائے کا کپ نہیں پوچھا، انہیں کسی نے گھاس نہیں ڈالی۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ آج عمران خان ڈیڑھ ارب روپے کے مالک کیسے بن گئے؟ ادارے تحقیقات کریں،عمران خان کے پاس کون سی مشین ہے جو ڈھائی کروڑ سے ڈیڑھ ارب روپے میں چلا گیا۔ جن لوگوں نے پنجاب میں کام کیا انہیں کہاجاتا ہے کہ تم نے کچھ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز (اتوار کو) راولپنڈی کا دورہ کیا تھا۔