غزہ میں صحافیوں کے قتل عام کے خلاف شہریوں کے مظاہرے
غزہ (اے این این )فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملے میں صحافی یاسر مرتجی کی شہادت اور10 صحافیوں کے زخمی ہونے کے بعد علاقے میں شدید غم وغصے کی فضا پائی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں صحافی کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کااہتمام کیا گیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید یاسر مرتجی کی تصاویر ، پوسٹر اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔غزہ میں مرکزی پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے اقوام متحدہ کے دفترکی طرف مارچ کیا جبکہ اس موقع پر مظاہرین نے اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یاداشت جمع کرائی جس میں فلسطینی صحافیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانے پر احتجاج کیا گیا۔
دوسری جانب مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے صحافیوں پر حملوں کو صہیونی ریاست کی منظم دہشت گردی کا تسلسل قرار دیا۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں احتجاجی مظاہروں کی کوریج کرنے والے فلسطینی صحافیوں پر براہ راست فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی صحافی یاسر مرتجی شہید اور 9 زخمی ہو گئے تھے۔