تمام وعدوں کو من و عن پورا کیا جائیگا : وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا

تمام وعدوں کو من و عن پورا کیا جائیگا : وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا

  

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔نچلی سطح پر تعمیر وترقی کے منصوبوں کووہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق شروع کرنے اور مقامی سطح پرلوگوں کے مسائل کے دیرپا حل کے لئے بلدیاتی نظام کو مزید موئثر بنایا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اپنے حلقہ نیابت PK-73 کی یو نین کونسل ملاکنڈھیر میں ناصر آباد روڈ کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ممبران عدنان ممریز،اختر گل اور پاکستان تحریک انصا ف کے مقامی کارکنان کے علاوہ علاقے کے لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حلقہ پی کے 73 کے عوام سے کیے گئے وعدوں کے عین مطابق علاقے میں ترقیاتی کاموں کا اجراء ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔تیمور جھگڑا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ روڈ پر تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے جلد تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ ناصر آباد روڈ کی تعمیر سے ملاکنڈھیر اور پلوسی کی 5 ہزار آبادی کی آمد ورفت کے مسائل حل ہوجائیں گے۔اہل علاقہ نے صوبائی وزیر کو سڑک کی تعمیر پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی مستقبل میں بھی علاقے کی ترقی اور لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے وہ خصوصی دلچسپی لیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -