ملک سے غربت کا خاتمہ اولین ترجیح : عمران خان ، وزیر اعظم اور نیول چیف کیساتھ امریکی سینٹکام کمانڈر کی ملاقاتیں، خطے میں امن کیلئے تعاون کی یقین دہانی

ملک سے غربت کا خاتمہ اولین ترجیح : عمران خان ، وزیر اعظم اور نیول چیف کیساتھ ...

  

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے۔ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام پر پالیسی بیان جاری کرنے پر خوشی ہے غربت کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے غربت کے خاتمے کے پروگرام کے چار اہم ستون ہوں گے احساس پروگرام کے تحت 115 پالیسی ایکشن پر کام ہوگا۔ پروگرام احساس کا مقصد عوام پر سرمایہ کاری‘ عدم مساوات کے خاتمہ کرکے پیچھے رہ جانے والے اضلاع کو اوپر لانا ہے۔ فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم ’میڈف‘ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت، سیاحت، صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات میں وفد نے مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے فرانسیسی کاروباری شخصیات کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ملک میں سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زراعت، سیاحت، صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔واضح رہے کہ میڈف فرانسیسی کاروباری افراد کی سب سے بڑی تنظیم ہے جس کے ارکان کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہے۔ پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کے تفصیلی لائحہ عمل کی منظوری دیدی جس کو حتمی شکل دینے کیلئے ترکی کی حکومت کے ساتھ اس کا تبادلہ کیا جائے گا، جس کے بعد جلد سٹریٹجک اکنامک فریم ورک پرجلد باضابطہ دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے پاک ترکی سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کو حتمی شکل دینے کی جانب پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں وزیر خزانہ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ وزاتوں کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے اپنا کام تیزی سے مکمل کریں تاکہ سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کا جلد نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے وزیراعظم کو لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔بعدازاں وزیراعظم کے زیرصدارت پاکستان ریلوے کی مین لائن (ایم ایل۔1) کو بہتر بنانے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان کوپاکستان ریلوے کی مین لائن (ایم ایل۔1) کو بہتر بنانے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار، سیکرٹری ریلوے، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور سینئر حکام نے بریفنگ میں شرکت کی۔ وزیراعظم کو ایم ایل۔1 منصوبہ پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا ، وزیرِ اعظم کو پنجاب میں مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ قانون محمد بشارت راجہ، وزیر برائے ہاؤسنگ محمود الرشید، وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی محکموں کے متعلقہ سیکریٹریز و دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے ۔ وزیرِ اعظم کو پنجائتی اور مقامی حکومتوں کے انتخابات کے ضمن میں مجوزہ ٹائم فریم سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے والد مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی ادا کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف میکنزی سے ملاقات کر کے پاک امریکادفاعی تعاون پرتبادلہ خیال کیا جبکہ امریکی کمانڈر نے خطے میں امن کیلئے ہر قسم کی مدد کا یقین دلایا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف میکنزی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ، ملاقات میں پاک امریکا دفاعی تعاون اورسلامتی سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے نیول ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امریکی سینٹکام کے کمانڈر کی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر نیول چیف نے بحری دہشت گردی اور قزاقی کے تدارک کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور کاوشوں پر روشنی ڈالی۔بعدازاں امریکی سفارتخانے امریکی سینٹکام کمانڈر جنرل میکینزی کے دورہ پاکستان کااعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ امریکی سینٹکام کمانڈر جنرل میکینزی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کاروائیوں پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیاں قابل تحسین ہیں ،خطے میں قیام کیلئے پرعزم ہیں ۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ جنرل میکینزی نے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں،جنرل میکینزی نے پاکستان کی سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ جنرل میکینزی نے وزیراعظم وزیر دفاع سیکرٹری خارجہ آرمی چیف چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف ائیر چیف اور نیول چیف سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی سفارتخانہ نے کہاکہ پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں جنرل میکینزی نے خطے میں قیام امن کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفارتخانہ نے کہاکہ جنرل میکینزی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے سہولت کاری کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ امریکی سفارتخانہ نے کہاکہ جنرل میکینزی نے ماضی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کو بھی سراہا۔ امریکی سفارتخانہ نے کہاکہ جنرل میکینزی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کاروائیوں پر بھی پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ملاقاتیں

مزید :

صفحہ اول -