وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں چھٹی منزل پر آتشزدگی ، عملے سمیت ریکارڈ محفوظ ، رپورٹ طلب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیراعظم سیکرٹریٹ کی چھٹی منزل پر لگی آگ بجھا دی گئی، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سیکرٹریٹ میں گزشتہ روز چھٹی منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی جوڈیڑھ گھنٹے میں مکمل ہونے پر کولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی۔مشیر وزیراعظم ندیم افضل چن نے میڈیا کو بتایا کہ آتشزدگی کے وقت وزیراعظم پانچویں منزل پر موجود تھے، انھیں صورتحال سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعظم نے آگ کی نوعیت جاننے کی ہدایت کی۔ ندیم افضل چن کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع پر بھی وزیراعظم نے میٹنگ جاری رکھی جس پر دوبارہ وزیراعظم کو اطلاع دی گئی کہ دھواں پھیل رہا ہے لہٰذا عمارت سے نکلنا ہوگا جبکہ دوبارہ اطلاع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا پہلے سٹاف کوعمارت سے نکالیں پھر میں نکلوں گا۔ حکام نے عمارت میں ایمرجنسی نافذکرتے ہوئے بلڈنگ میں موجود عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع پر وزیر اعظم عمران خان نے فوری طور پر چھٹے فلور پر جانے کا ارادہ کیا مگر سکیورٹی حکام نے جانے کی اجازت نہ دی،حکام نے تھوڑی دیر بعد وزیر اعظم کو ملازمین اور ریکارڈ کے محفوظ ہونے کی اطلاع دی توپھر عمران خان وزیراعظم ہاؤس کیلئے روانہ ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واقعہ سے متعلق فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔
آتشزدگی