مشرف کے معاملے میں سوال اسٹیبلیشمنٹ سے پوچھیں ، زرداری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) سابق صدر آصف زرداری نے احتساب عدالت میں صحافی سے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے کہا ا حتساب عدالت سے وہیں جائیں گے جہاں پہلے گئے تھے۔گزشتہ روز جب آصف زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیشی کیلئے احتساب عدا لت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے تو سماعت سے قبل انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اس دوران صحافی نے ان سے سوال کیا ایک عرصہ بعد احتساب عدالت آئے ہیں، کیسا محسوس کررہے ہیں جس پر سابق صدر نے کہا یہ تو وہی جگہ ہے گزرے تھے ہم جہاں سے،صحافی نے دوسرا سوال کیا اور یہاں سے کہاں جائیں گے جس پر انہوں نے کہا یہاں سے وہیں جائیں گے جہاں پہلے گئے تھے۔صحافی نے ایک اور سوال کیا آپ جس کرسی پر بیٹھے ہیں وہاں نواز شریف بیٹھتے تھے توآصف زرداری نے کہا میاں صاحب بڑے اور ہم چھوٹے لوگ ہیں۔ میاں صاحب میاں صاحب ہیں اور میں میں ہوں، صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا فریال تالپور جس طرح یہاں بیٹھی ہیں، مریم نواز بھی یہیں بیٹھا کرتی تھی جس پر آصف زرداری نے کہا آپ تو خوش ہیں ناں۔ایک اور سوال پر کہ سیاسی لیڈرشپ پیش ہو رہی ہے، آپ نہیں سمجھتے پرویز مشرف کو بھی پیش ہونا چاہیے، توآصف زرداری نے کہا پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کرنے کے معاملے پر اسٹیبلیشمنٹ سے پوچھنا چاہیے۔
زرداری مکالمہ