انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں نے مایوس کیا: قمر زمان

انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں نے مایوس کیا: قمر زمان

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور سابق عالمی نمبر ون قمر زمان نے کہا ہے کہ فیڈریشن کی جانب سے تمام تر سہولیات دینے کے باوجود چیف آف ایئر سٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی آئندہ کھلاڑیوں کو سخت محنت کی ضرورت ہے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل بیک اپ تیار کر رہے ہیں امید ہے کہ آئندہ دو سال تک وہ قومی ٹیم کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات دیں ہیں تاہم انٹرنیشنل ایونٹس میں قومی کھلاڑیوں کا رزلٹ اچھا نہیں تھا۔کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی سے مایوسی ہوئی ہے۔ سینئر کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے اور سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن سینئر کھلاڑیوں کا بیک اپ تیار کرنے کیلئے جونیئر کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ مستقبل کا اثاثہ ثابت ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو سال تک جونیئر کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے اور ایک مرتبہ پھر سکواش کے میدان میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور فیڈریشن کے نائب صدر ایئر مارشل شاہد علوی جونیئر کھلاڑیوں کو خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ان کیلئے کوچز بھی لگائے گئے ہیں۔

تاکہ جونیئر کھلاڑیوں سے باصلاحیت اور نامور کھلاڑی سامنے آسکیں۔انہوں نے کہا کہ چیف آف ایئر سٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی تمام سینئر کھلاڑی پہلے اور دوسرے راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہواوے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں طیب اسلم اور فرحان محبوب نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، ان سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بھی جونیئر کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع دیں رہے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -