ورلڈ کپ میں سرفراز احمد نے آرمی کیپ پہننے کاعندیہ دیدیا

ورلڈ کپ میں سرفراز احمد نے آرمی کیپ پہننے کاعندیہ دیدیا

  

کراچی(این این آئی)کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد ورلڈکپ 2019ء کیلئے اسکواڈ منتخب کیا جائیگا،آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ورلڈکپ میں سب سے اوپر ابھر کر سامنے آئیں گی، ٹیم میچ میں آرمی کیپ پہن سکتی ہے،امام الحق اور فخر زمان ورلڈکپ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ ہر کپتان کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کیلئے ورلڈکپ جیتے اور میرا بھی یہی خواب ہے، مجھے قوی امید ہے کہ پاکستان اس میگا ایونٹ کا فائنل ضرور کھیلے گا۔ انہوں نے پیشنگوئی کی کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ورلڈکپ میں سب سے اوپر ابھر کر سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ جیتنے کے لیے پاکستانی ٹیم اپنی بہترین کارکردگی دکھاتی آئی ہے۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہاکہ ٹیم میچ میں آرمی کیپ پہن سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہو جانے کی صورت میں اس کا متبادل وہاں ہی موجود ہو گا۔

مختلف کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ حسن علی نے پی ایس ایل میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ امام الحق اور فخر زمان ورلڈکپ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، محمد عامر بھی ایک اچھا فاسٹ باؤلر ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ سیریز میں وہ وکٹیں حاصل نہیں کر پا رہا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد حسنین بھی ایک اچھا فاسٹ باؤلر ہے تاہم اسے مزید پالش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کے لیے بہتر کارکردگی دکھا سکے، اسے اپنی سپیڈ کی بجائے اپنی لائن اینڈ لینتھ کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک سب سے سینئر ترین کھلاڑی ہیں اور میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کے لیے ایک لیگ اسپنر اور ایک آف اسپنر کا انتخاب کیا جائیگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -