پنجاب کو دہشتگر اور مجرموں سے پاک کرنے کی قسم کھا رکھی ہے،امجدجاوید

پنجاب کو دہشتگر اور مجرموں سے پاک کرنے کی قسم کھا رکھی ہے،امجدجاوید

  

لاہور(کر ائم رپو رٹر)14سو سے زائد شہداء کی جانوں کا نذرانہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایلیٹ پولیس فورس اپنے فرائض بھرپور دیانتداری، ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کر رہی ہے اور انہی کی قربانیوں سے آج الحمداللہ صوبہ پنجاب کے لوگ دہشت گردی کے ناسور سے نجات حاصل کر چکے ہیں اور بلا خوف و خطرات اپنے معمولات زندگی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم نے صوبے کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرنے کی قسم کھا رکھی ہے اور آئندہ بھی فرائض کی ادائیگی میں کوئی کسرنہیں اٹھا رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے گز شتہ روز ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر بیدیاں لاہور میں بیسک ایلیٹ کورس کے 20ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس شاہد حنیف، سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر، ایڈیشنل آئی جی سیف سٹی اتھارٹی علی عامر ملک، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور مرزا فاران بیگ، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کرنل (ر) پرویز اقبال کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 976اہلکار شامل ہیں جن میں سے 125کا تعلق جیل پولیس جبکہ 851کا تعلق پنجاب پولیس سے ہے۔ کورس یکم اکتوبر 2018کو شروع ہوا جس کا دورانیہ 6ماہ تھا ۔

مزید :

علاقائی -