وزیر خزانہ اہم اجلاسوں میں شرکت کیلئے آج امریکہ پہنچیں گے
واشنگٹن(این این آئی)وزیر خزانہ اسد عمر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سمیت عالمی بینک گروپ کے موسم بہار کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے(آج)منگل کو امریکہ پہنچیں گے ، پیر سے شروع ہونے والے 14اپریل تک جاری رہیں گے ،اسد عمر عالمی مالیاتی ادارے کے بیل آؤٹ پیکیج پر خصوصی گفتگو کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر آٹھ اپریل پیر سے شروع ہونے والے موسم بہار کے اجلاس کے آغاز کے ایک دن بعد (آج)منگل کو امریکہ پہنچیں گے جہاں یہ اجلاس 8 سے 14 اپریل تک منعقد ہوں گے۔آئی ایم ایف مشن ممکنہ طور پر رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ پیکیج کو حتمی شکل دی جاسکے ۔پاکستان نے گزشتہ سال اکتوبر میں آئی ایم ایف سے باقاعدہ قرض کی درخواست کی تھی اور اس کے بعد سے اب تک پاکستان اور آئی ایم ایف کے سینئر حکام کے درمیان کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں تاکہ قرض کو حتمی شکل دی جا سکے۔
وزیر خزانہ/ امریکہ